سرکاری ملازمین کو عید سے پانچ روز قبل تنخواہ ادا کردی جائے، وزارت خزانہ
اسلام آباد: وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشنز عید سے 5 روز قبل جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
مرکزی حکومت نے عیدالفطر کے باعث حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو مئی کی تنخواہ اور پنشن ایڈوانس میں دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے وزارت خزانہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشنز عید سے پانچ روز قبل جاری کردی جائیں، عیدالفطر 25 یا 26 مئی کو متوقع ہے، لہٰذا کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال کے باعث ملازمین کو مئی کی تنخواہ و پنشن مہینہ ختم ہونے سے پہلے ایڈوانس میں جاری کی جائے۔