دو ماہ بعد ٹرین آپریشن بحال، پردیسیوں کی واپسی کا آغاز

لاہور: پاکستان بھر میں دو ماہ بعد ٹرینیں چل پڑیں، پردیسیوں کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی۔ لاہور سے پہلی ٹرین صبح ساڑھے 6 بجے راولپنڈی کے لیے اور پاکستان ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔
لاہور سے پہلی ٹرین سبک خرام راولپنڈی کے لیے صبح 6 بجکر 30 منٹ پر چلی، راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے پاکستان ایکسپریس کراچی کے لیے اور ریل کار لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔ اسٹیشنز پر سینیٹائزنگ واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے جہاں سے مسافروں کو گزار کر ٹرین میں سوار کیا گیا۔
کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین عوام ایکسپریس کے ذریعے ٹرین آپریشن کا آغاز کیا گیا، دیگر ٹرینیں بھی شیڈول کے مطابق منزل کی جانب روانہ ہورہی ہیں، گرین لائن ایکسپریس رات 3 بجے مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے چلے گی، کراچی سے راولپنڈی کے لیے تیز گام کی روانگی شام 6 بجے ہوگی۔
پاک بزنس ایکسپریس کراچی سے جمعرات سہ پہر 4 بجے اور لاہور سے 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی، جعفر ایکسپریس کل کوئٹہ سے صبح 9 بجے اور پشاور سے 9 بج کر 30 منٹ پر چلے گی۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے 30 ٹرینوں کا شیڈول جاری کیا گیا، ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کے ریزرویشن دفاتر بند ہیں، بکنگ صرف آن لائن کی جائے گی، مسافروں کو روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن میں داخلے کی اجازت ہوگی، اہل خانہ اسٹیشن نہیں آسکیں گے، مسافروں کو ماسک پہننے، سینیٹائزر، دستانے اور صابن اپنے ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔