حلیمہ سلطان آزاد کشمیر آنے کی خواہش مند!
استنبول: مقبول ترین ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی حلیمہ سلطان (اسریٰ بلجک) کا کہنا ہے کہ انہیں کشمیر کے متعلق جاننے میں بہت زیادہ دلچسپی ہے اور وہ اپنی دستاویزی فلم کے لیے کشمیر کا دورہ کرنے کی خواہش مند ہیں۔
حلیمہ سلطان (اسریٰ بلجک) ناصرف ترکی کی معروف اداکارہ ہیں بلکہ قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ وہ ایک دستاویزی فلم بنانے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں اور اپنی فلم کے حوالے سے وہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش مند ہیں۔ پاکستانی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے فطرت کے حوالے سے دستاویزی پروجیکٹ لکھا ہے کہ کس طرح فطرت ہر طرح کے حالات میں ہمیں ردعمل دیتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں ان گاؤں اور پہاڑی علاقوں میں جانا چاہتی ہوں جن کو مالی مسائل کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔ میں مقامی افراد کی مدد کرنا، ان کی مشکلات سننا، ان کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں اور دنیا بھر کو ان کی مشکلات سے آگاہ کرنا چاہتی ہوں۔ قرنطینہ کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ ہم نے کچھ جگہوں کی نشاندہی کی ہے، میں اپنی تمام تیاری مکمل کرنا چاہتی ہوں اور فوٹوگرافی کی کچھ کلاسز کے بعد ڈاکیومنٹری پر اپنا کام شروع کروں گی۔
انہوں نے کہا مجھے بابوسر کاغان وادی کے پہاڑی علاقوں سے محبت ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی لیپا وادی اور گلگت بلتستان کے دیوسائی علاقے میں کیمپ کا منصوبہ بھی ہے۔
اداکارہ حلیمہ سلطان نے کشمیر سے اپنی دلچسپی بتاتے ہوئے کہا کہ خطہ کشمیر ان جگہوں میں سے ایک ہے جس کے بارے میں جاننے میں مجھے بہت زیادہ دلچسپی ہے اور میں اپنے ڈاکیومنٹری پروجیکٹ کے لیے کشمیر کے کچھ مقامات کا سفر کرنا اور انہیں جاننا چاہتی ہوں۔