ایک اور بھارتی مسلمان ماڈل بالی وڈ سے کنارہ کش
ممبئی: بھارتی ماڈل ثاقب خان نے بالی ووڈ اور شوبز انڈسٹری چھوڑ کراسلامی طرز زندگی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی ماڈل ثاقب خان کو ایم ٹی وی کے رئیلٹی شو روڈیز ریوولوشن سے شہرت ملی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ویب سیریز دل ہی تو ہے سیزن 3 میں بھی کردار ادا کر چکے ہیں۔ چند روز قبل کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ شوبز انڈسٹری چھوڑتے ہوئے ماڈلنگ اور اداکاری کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مختلف پروجیکٹس تھے۔۔ بس اللہ کی مرضی نہیں تھی۔ ایک سال کے دوران خاصی شہرت حاصل کی مگر وہ تو دنیا کیلئے ہے، آخرت کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ نماز پڑھتا تھا مگر سکون کی کمی تھی۔ خدا کا بہت زیادہ شکراداکرتا ہوں کہ اس نے مجھے توبہ کا موقع دیا اور مجھے قبول کیا کیونکہ میں اپنی زندگی میں معجزات ہوتے دیکھ رہاہوں۔ مجھے قرآن پاک پڑھ کر بہت سکون ملا۔ ثاقب خان نے پوسٹ کے آخر میں ان تمام لوگوں سے معافی کی درخواست کی جن کو انہوں نے چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے دکھ پہنچایا۔
ثاقب خان سے قبل عامر خان کے ساتھ فلم دنگل میں اداکاری کرنے والی زائرہ وسیم اور اداکارہ ثنا خان بھی بالی وڈ فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرچکی ہیں۔ ثاقب خان کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے اور انہوں نے وکالت کی تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔