ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پرسخت کارروائی ہوگی، سعید غنی

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ جو سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس ہوا، وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے اجلاس میں کہا کہ ہم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات کی ہے، کچھ نجی تعلیمی اداروں میں حکومت کے واضح احکامات کے باوجود چھوٹے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی تھی، جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز اس سلسلے میں مکمل سپورٹ کریں اگر کوئی نجی اسکول ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کرتا تو خود ایسوسی ایشن بھی ان کے خلاف ایکشن لیں، ہمارا اولین مقصد بچوں کو اس وبا سے بچانا ہے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی صحت اہم ہے اور صحت کے معاملے پر کسی قسم کا ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے۔سعید غنی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نجی اسکولز کی ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروا رہی ہے، حکومت، اسکولز انتظامیہ اور والدین مل کر ہی تمام صورتحال کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔