اپوزیشن میں ہمت نہیں، وزیراعظم کی اجازت ملنے کے 24 گھنٹوں میں ٹرینیں چلادیں گے، شیخ رشید
لاہور: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں میں دم نہیں اور 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کے باوجود ٹرینیں چل رہی ہیں، وزیراعظم کی اجازت ملنے کے 24 گھنٹوں میں ٹرینیں چلادیں گے۔ پیر تک اگر ٹرینیں چلانے کی اجازت نہ ملی تو پھر عید سے پہلے نہیں چلاسکتے کیونکہ عوام کی بھیڑ کو قابو میں نہیں کرسکیں گے۔ اب تک 24 کروڑ روپے کے آن لائن ٹکٹ خریدے جاچکے ہیں، ٹرینیں نہ چلیں تو عید کے 15 روز بعد ٹکٹوں کے پیسے واپس کردیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، ان کی کوئی اپوزیشن نہیں، میں انہیں اپوزیشن نہیں سمجھتا، یہ ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، ان کی اپوزیشن یہ ہے کہ میں ایک بیان دوں تو جواب میں ایک بیان آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں میں ہمت نہیں اور مولانا فضل الرحمان کو یہ لوگ استعمال کرچکے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نیب قانون میں ترمیم چاہتے ہیں، چوروں اور لٹیروں کو کھینچ کر رکھنا چاہیے، میں نیب کے قانون میں کسی ترمیم کی حمایت نہیں کروں گا، نیب کے قانون میں ترمیم کرنے سے پیغام جائے گا کہ ہم خوف زدہ ہیں، 31 جولائی تک نیب جھاڑو پھیر دے گی، چھوٹی عید کے بعد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے گرفتاریاں ہوں گی۔ شہباز شریف اپنے ٹریک پر خود پھنس گئے، انہیں کاغذ لانے کی اجازت نہیں ملے گی، لاک ڈاوَن شہباز شریف کے لیے لاک اپ کا سامان ہے، وہ اپنا سوفٹ ویئر بدل لیں تو ہی بچ سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر مونس الہیٰ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے تو اچھی بات ہے، چوہدری برادران گیلی جگہ پر پیر نہیں رکھتے، روایتی سیاست دان اقتدار کی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں، میر ظفر اللہ جمالی نے بھی ایک ووٹ سے حکومت کی تھی۔