کورونا میں مبتلا ہونے کی افواہوں پر مہوش حیات کا اظہارِ برہمی
کراچی: مہوش حیات نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو آڑے ہاتھوں لیا ،جس نے بغیر تصدیق کیے ان میں کووڈ 19 مثبت آنے کی افواہ پھیلائی تھی۔
گزشتہ روز ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے مہوش حیات کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اداکارہ مہوش حیات میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اداکارہ کے لیے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔
مہوش حیات نے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اس خبر کی نا صرف تردید کی بلکہ بغیر تصدیق کیے یہ خبر شیئر کرنے پر بھڑک اٹھیں اور کہا میرے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔ امید کرتی ہوں ہمارا میڈیا ذیادہ ذمے داری کا مظاہرہ کرے اور اس طرح کی خبریں شیئر کرنے سے پہلے حقائق کو جانچ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر لائکس اور فالوورز بڑھانے کے لیے کچھ بھی پوسٹ کرنے کے بجائے ذمے داروں کو مجھے فون کرنا چاہیے تھا اور اس خبر کی تصدیق کرنی چاہیے تھی۔ اس طرح کی خبروں سے فیملی اور دوستوں کو پریشانی کا سامنا پڑتا ہے۔