پیپلزپارٹی صوبے میں کورونا کے اعداد وشمار بڑھا چڑھا کر بیان کر رہی ہے، خرم شیر
کراچی: پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی صوبے میں کورونا وائرس کے اعداد وشمار بڑھا چڑھا کر بیان کر رہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اسپتال جاتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ وہاں کورونا وائرس سے کسی کی موت ہی نہیں ہوئی ۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں کاروباربند رکھنے کا فیصلہ وزیراعظم کا ہے لیکن ایسا بالکل نہیں، سندھ حکومت معیاری ضابطہ کار (ایس اوپیز) بنا کر فوری صوبے کی مارکیٹیں کھولنے کا بندوبست کرے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ ابھی تک کاروبار کھولنے کے لیے معیاری ضابطہ کار تک نہیں بناسکے، وزیراعظم نے 28 ارب روپے سندھ کے عوام کو دیے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ صرف نوٹیفکیشن دے رہے ہیں۔
خرم شیر نے دعویٰ کیا کہ پنجاب ترقی کررہا ہے اور خیبر پختونخوا میں بیروزگاری کی شرح کم ہوئی ہے جب کہ صوبہ سندھ پیچھے ہوتاجارہا ہے اور اس کا حال موئن جو دڑو جیسا کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سندھ میں آج تک صفائی کا نظام ٹھیک نہیں کرپائے،کاش پیپلزپارٹی سندھ کے اسکولوں اور اسپتالوں کو ٹھیک کردیتی۔