نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری ،شہباز کی شدید مذمت!
لاہور: شہباز شریف نے نیب کی جانب سے اپنے بڑے بھائی نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
میاں شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف عدالتی حکم کے تحت بیرون ملک علاج کے لیے گئے۔ نیب کا یہ اقدام قانون کی کھلی توہین اور عدالتی احکامات کے سراسر خلاف ہے۔انہوں نے اس اقدام کو سراسر بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران پوری قوم کو اپنے سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانے کے لیے یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ شریف خاندان، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی۔ نیب کا یہ اقدام قانون کی کھلی توہین اور عدالتی احکامات کے سراسر خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف 34 سال پرانے کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے۔ نواز شریف پاکستان اور عوام کے محسن ہیں، انہوں نے پاکستان کو دنیا میں ساتویں جوہری قوت بنوایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے غربت، مہنگائی، دہشت گردی اور بے روزگاری کے اندھیرے دُور کیے۔ انہوں نے پاکستان میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کورونا کی روک تھام، غریبوں کو ریلیف کی فراہمی میں ناکام ہو چکے ، عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانے کے لیے یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا ہے۔