فیصل آباد میں المناک ویگن حادثہ، 6مسافر جھلس کر جاں بحق، 10 زخمی
فیصل آباد: فیصل آباد گوجرہ موٹروے پر فیملی کی ویگن میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے 6 افراد زندہ جل گئے جب کہ 6 بچوں سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے آگ پر قابو پاتے ہوئے ویگن کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا، اطلاع ملنے پر پولیس افسران موٹروے اے سی صدر عمر مقبول اور ریسکیو افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے، شیخویورہ کی فیملی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لیے شورکوٹ جارہی تھی۔
موٹروے ایم فور چک نمبر 62ج ب چانن کے قریب ویگن کنٹینر کے ساتھ ٹکرا کر موٹروے کے ڈیوائیڈر کے سائیڈ سے جاٹکرائی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری ویگن کو جلا ڈالا۔
ویگن میں سوار6 سالہ احتشام، 9 سالہ محمد کیف، 7 سالہ ابیہہ، 32 سالہ خالدہ پروین، 22 سالہ بلال اور 45 سالہ عمران جاں بحق ہوگئے جب کہ ویگن ڈرائیور 50 سالہ عبدالرشید، 30 سالہ سیرت بی بی، 14 سالہ سعدیہ، 32 سالہ صبا، 7 سالہ فیقہ، 13 سالہ سمیعہ، 12 سالہ مجیب الرحمان، 13 سالہ مطیع الرحمٰن، 10 سالہ کشف اور 22 سالہ عبدالقیوم جھلس کر زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ہسپتال میں دوبچوں کشف اور صبا کی حالت خطرے میں ہے، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔