طیارہ حادثہ: ملبہ ہٹانے کا عمل شروع، فرانسیسی ماہرین کا پاکستانی تحقیقاتی ٹیم پر اظہار اعتماد
کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانس سے آئے ایئربس ماہرین کی اجازت کے بعد طیارے کے ملبے کو ہٹانے کا عمل شروع کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئربس کے ماہرین کی اجازت سے تباہ ہونے والے پی آئی اے طیارے کے ملبے کی منتقلی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
ملبہ ہٹانے کے لیے پاک فضائیہ، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے انجینئرنگ، ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ اسٹاف موجود ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ طیارے کے کیبن، ٹیل اور دیگر حصوں کو منتقل کیا جارہا ہے جب کہ طیارے کے انجن اور لینڈنگ گیئرز کی منتقلی چند روز بعد ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اہم آلات کی جائے حادثے سے منتقلی تحقیقاتی ٹیموں کے کام کی وجہ سے روکی گئی ہے۔
طیارہ حادثے میں ایئربس ماہرین نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ایئربس ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی طیارہ حادثے کی تفتیشی ٹیم قواعد اور پیشہ ورانہ معیار کے مطابق کام کررہی ہے۔
فرانسیسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اے اے آئی بی اور ادارے کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔