سندھ حکومت کی نجی اسکولوں کو 20 فیصد فیسوں میں کمی کی ہدایت
کراچی :وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی ہدایات پر محکمہ تعلیم کے ڈائیریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے تمام نجی اسکولوں کو اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے اپنے تمام طلباء کی فیس میں 20 فیصد لازمی رعایت دیں گے،یہ رعایت ماہ اپریل اور مئی کی فیسوں میں طلباء کو دی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکوئی بھی اسکول کسی بھی تدریسی یا غیر تدریسی عملے کو اس دوران ملازمت سے نہیں نکالے گا جب کہ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو اس دوران مکمل تنخواہ کی ادائیگی کرنا ہوگی، ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی.نوٹیفکیشن کے مطابق اس سلسلے میں اگر کسی اساتذہ کو اپنی شکایات کا اندراج کرانا ہے تو وہ ڈائیریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ کو کرسکے گا۔وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ یہ رعایت کورونا وائرس کے باعث صوبے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام کی سہولت کے پیش نظر دی گئی ہے،کچھ روز قبل ہم نے تمام نجی اسکولز کو والدین کو رعایت کی ہدایات دی تھی، تاہم اب تمام طلباء کو 20 فیصد فیسوں میں دو ماہ تک رعایت دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔