اسمارٹ لاک ڈاؤن، لاہور سمیت پنجاب کے مزید 33 مقامات سیل
پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سمارٹ لاک ڈاؤن مزید سخت ہوگا، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی سربراہی میں پنجاب کے مزید 33 مقامات سیل کرے کا فیصلہ ہوا، جواد رفیق نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ایکشن لیا جائے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے مزید 33 مقامات سیل کرنے کی منظوری دے دی گئی، لاہور میں 8 مقامات کو سیل کیا جائے گا۔۔ گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، ڈی ایچ اے، گلشن راوی کو بند کرنے پر اتفاق، فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، اندرون شہر والڈ سٹی کو مکمل بند کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ان علاقوں سے 3 ہزار 613 مریض رپورٹ ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں 96 ہزار 229 گھر اور 2 لاکھ 33 ہزار خاندان رہائش پذیر ہیں۔ ڈی ایچ اے میں 1403 مریض سامنے آئے، گلبرگ کے تمام بلاکس سے 736 کنفرم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، ماڈل ٹاؤن میں 659 کنفرم کورونا کیسز سامنے آئے، فیصل ٹاؤن میں کورونا کے 188 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ گارڈن ٹاؤن میں 238 مریض سامنے آئے۔ ساتح ہی گلشن راوی میں 212 مریض سامنے آئے اور والڈ سٹی میں 170 مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد ان علاقوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا
خیال رہے کہ اکبر منڈی اور شاہ عالم مارکیٹ کھلی رہے گی۔ اعظم مارکیٹ، رنگ محل و دیگربازاروں کو بند کرنے بارے چیف سیکرٹری اور کمشنر اجازت دیں گے۔ جبکہ مکمل لاک ڈاؤن ہونے والےعلاقوں میں شاپنگ مالز اور کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔