دُنیا بھر میں کورونا متاثرین 64 لاکھ، 3 لاکھ 78 ہزار سے زائد اموات
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کا زور ٹوٹ چکا ہے تو کہیں یہ عروج پر ہے اور کہیں اس کے کیسز اور اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ماہرین اور دیگر سائنس دانوں نے کہا ہے کہ اس بات میں فی الحال کوئی حقیقت نہیں کہ کورونا وائرس اپنی طاقت کھو رہا ہے، سائنسی تحقیق کے بعد ہی کوئی حتمی بات کہی جاسکتی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تریسٹھ لاکھ اٹھانوے ہزار چار سو ننانوے ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں تین لاکھ اٹھہتر ہزار پانچ سو پندرہ ہو گئیں۔
امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 7 ہزار 300 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 لاکھ 59 ہزار 793 ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 4 ہزار 855 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار 878 ہو چکی ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس سے 5 ہزار 612 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 99 ہزار 800 ہو گئی۔
ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 563 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 64 ہزار 769 ہو گئے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 525 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 87 ہزار 142 تک جا پہنچی ہے۔