اسمبلی اجلاس میں سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس میں محض سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے۔
فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کورونا پھیل کیوں رہا ہے اور اس حوالے سے تحقیق کس مرحلے پر ہے، دنیا کب تک علاج دریافت کرسکتی ہے؟، 5 پاکستانی جامعات نے کورونا کی ساخت پر جو کام کیا ان کی ریسرچ کیا کہتی ہے؟ ایسے اجلاس کا کیا فائدہ کہ ایک ادھر سے سیاسی تقریر کرتا ہے دوسرا ادھر سے نشتر چلاتا ہے اور اللہ اللہ خیر صلہ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو خط لکھا ہے کہ اسمبلی اجلاس میں محض سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے، یہ کام تو پریس کانفرنس کرکے بھی ہوسکتا تھا، اگر ارکان کو اکٹھا کیا ہے تو پہلے انہیں سائنسدانوں اور وائرولوجی کے ماہرین سے کورونا پر بریفنگ دلوائیں کہ کرونا ہے کیا؟