پی ڈی ایم کا 13 دسمبر کومینار پاکستان لاہور میں جلسے کا اعلان
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے 13 دسمبر کومینار پاکستان لاہور میں جلسے کا اعلان کردیا، رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ موجودہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا،13دسمبر کو ثابت ہوگا لاہور جاگ اٹھا ہے، اس کے بعد پورا پاکستان جاگےگا۔رانا ثںاءاللہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا 13دسمبر کا جلسہ لاہور کی تاریخ میں بے مثال اور فیصلہ کن ہوگا، جلسے سے متعلق مختلف کمیٹیاں بنائی ہیں، پارٹی عہدیداروں،ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو کمیٹیوں میں شامل کیا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن پنجاب کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے جعلی اور بے بنیاد مقدمے میں گرفتار کیا گیا، میری ضمانت دینے پر جج کو واٹس ایپ پر تبدیل کردیا گیا،واٹس ایپ پر جج کے تبادلے کا نوٹس کیوں نہیں لیاگیا۔ کیا ملک میں یہ انصاف ہورہا ہے۔ نیب کو کس نے متنازع بنایا؟ کون چیئرمین نیب کو بلیک میل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیاد پر بننے والے مقدمات واپس لیے جائیں ، اس ناانصافی ،ظلم اور زیادتی کےخلاف اپیل کرتے ہیں، چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نوٹس لیں۔