نالوں پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری

کراچی میں نالوں کے اطراف قائم ہونے والی تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری ہے ، پہلے روز ہونے والی کارروائی میں نالوں کے اطراف قائم شیڈز اور چھوٹی دیواریں گرا دی گئیں، گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے تفصیلات کے مطابق گجرنالے کے اطراف کمرشل تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوسرے دن کے ایم سی کا عملہ کام میں مصروف ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری بھی محکمہ انسداد تجاوزات کے ساتھ موجود ہے۔آپریشن کے پہلے دن دکانداروں کو ضروری سامان منتقل کرنے کیلئے متنبہ کیا گیا تھا تاکہ متاثرین کا زیادہ نقصان نہ ہو، آج ہونے والے آپریشن کے دوران کمرشل تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کیفے پیالہ،لیاقت آباد اور نالہ اسٹاپ نیو کراچی تک کارروائی کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں غیرقانونی رہائشی عمارتوں کو مسمار کیا جائے گا، اس کے علاوہ رہائشیوں کو متبادل جگہ دینے کے بعد دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔گزشتہ روز گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مکانات خالی کرانے کے اعلانات پر ناظم آباد نمبر چار کی سڑک کو شہریوں نے احتجاجاً بند کر دیا اور مکانات مسمار کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔