میں نفسیاتی امراض کا شکار ہوچکی ہوں، معروف گلوکارہ
امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے انکشاف کیا ہے کہ میں نفسیاتی امراض کا شکار ہوچکی ہوں ، اب باقاعدگی سے ادویات لیتی ہوں۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں لیڈی گاگا نے بتایا کہ ’ مجھے اس بات کا علم ہے کہ میں نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہوگئی ہوں، اس لیے اب میں اس بیماری کی ادویات بھی استعمال کرتی ہوں‘۔انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے دماغ کو ہمیشہ قابو کرنے میں ناکام رہتی ہوں، جب کوئی بات مزاج کے خلاف ہو تو اُس کے بعد جو حالت ہوتی ہے وہ میرے خود کے بس میں نہیں ہے‘۔لیڈی گاگا کا کہنا تھا کہ ’میں ڈاکٹر سے دماغی امراض کا علاج بھی کرا رہی ہوں، مجھے کسی بھی بات پر کبھی بھی اس قدر غصہ آتا ہے کہ پھر اپنا آپ بھی یاد نہیں رہتا اور اُس وقت میں کچھ بھی کرسکتی ہوں‘۔چونتیس سالہ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ادویات کھانے سے مجھے بہت زیادہ افاقہ ہوا مگر ابھی بھی صورت حال قابو میں نہیں ہے۔’میں نے ایک بار نفسیاتی بیماریوں کے حوالے سے گانا لکھنے کا ارادہ کیا، مگر جب بیٹھی تو پھر دماغ آپے سے باہر ہوگیا اور کچھ بھی سمجھ نہیں آیا جس کے بعد مجھے دوا کھا کر سونا پڑا تھا’۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں جانتی ہوں کہ میرا اعتراف مداحوں اور میرے مستقبل کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، مگر اب وقت ہے کہ سب کو بتا دوں کیونکہ میں بھی انسان ہوں، بعض اوقات میرا دماغ بھی بالکل بند ہوجاتا ہے‘۔