بلوچستان،پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان میں پرائمری اسکولوں کو مزید 15 دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز میں بھی کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئیں۔اگلے مرحلے میں سیکنڈری کلاسز 28 ستمبر اور اس کے بعد پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے کھولی جانی تھیں تاہم کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے میں تبدیلی کی جارہی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔تفصِلات کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔