برازیل ، تمام شہریوں کو مفت کورونا وائرس ویکسین فراہم کرنے کا اعلان
رواں ماہ کے شروع میں برازیل کے محکمہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ سنہ 2021 کے ابتدائی 2 مہینوں میں برازیل کو آکسفورڈ یونیورسٹی اور ایسٹرا زینیکا کرونا وائرس ویکسین کی 15 ملین خوراکوں کی پہلی کھیپ ملنے جارہی ہے۔حکام کے مطابق توقع ہے کہ اگلے برس کی پہلی ششماہی میں برازیل میں کل 100 ملین خوراکیں پہنچ جائیں گی۔برازیل کے وزیر صحت ایڈورڈو پازیلو کے مطابق سنہ 2021 کے دوسرے نصف میں ویکسین کی مزید 160 ملین خوراکیں برازیل میں تیار کی جائیں گی۔برازیل کے صدر جیر بولسنارو کا کہنا ہے کہ حکومت ملک کے تمام شہریوں کو مفت کورونا وائرس ویکسین فراہم کرے گی، سنہ 2021 کے آغاز میں برازیل میں کورونا وائرس ویکسین کی 15 ملین خوراکوں کی پہلی کھیپ پہنچ جائیں گی۔ایک روز قبل صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سائنسی ہدایات اور قانونی اصولوں پر عمل آوری کے ساتھ اگر قومی سینیٹری نگرانی ایجنسی اس کی اجازت دے تو برازیل کی حکومت پوری آبادی کو مفت میں کورونا وائرس ویکسین فراہم کرے گی۔خیال رہے کہ برازیل اس وقت کورونا وائرس کیسز اور اموات کے حوالے سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔