حکومت نے تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی شروع کردی
وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز بھی کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے اثاثےمنجمد کیے جانےکی کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ1997کے تحت کی جا رہی ہے۔ یہ کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 11 ای ای کے تحت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے عہدیداروں کے اثاثے منجمد کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک اور صوبائی محکمہ ریوینیو کردار ادا کریں گے، اس کے علاوہ کالعدم جماعت کے عہدیداروں،کارکنوں کو جاری کیے جانے والے اسلحہ لائسنسز بھی منسوخ کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے مرکزی عہدیدار نہ زمینوں کی خرید و فروخت کرسکیں گے نا ہی بینک اکاؤنٹس استعمال کرسکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کو ہدایات دے دی ہیں۔