پاکستان مکہ معاہدہ کسی کے خلاف نہیں، یہ تین ممالک کی شراکت داری کی علامت ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق پیدا کرتا ہے، اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید موثر کردار ادا کرنا ہوگا، بین الاقوامی سیکیورٹی انفرا اسٹرکچر شدید دباؤ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے، مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پاکستان خطے میں پُرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے، کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، پاکستان مؤثر اقدامات کا حامی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان بدلتی عالمی صورت حال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، یو اے ای اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات اہم ہیں، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیح ہے، کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/the-mecca-agreement-is-not-against-anyone-it-symbolizes-a-partnership-among-the-three-countries-says-ishaq-dar/






