پاکستان شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 16 خوارج ہلاک، دو جوان شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک اور پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیاں کیں، اس دوران گزشتہ 12 گھنٹوں میں 16 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علی خیل میں کارروائی کے دوران 12، میرعلی میں 2 اور دتہ خیل میں بھی 2 خوارج مارے گئے، ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بھی 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی اور شہید نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا، شہید جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے جب کہ ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/security-forces-operation-in-north-waziristan-16-militants-killed-two-soldiers-martyred/






