خلیل الرحمان قمر ایک اور تنازعے کا شکار
لاہور: معروف ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر اور سماجی کارکن اور تجزیہ نگار ماروی سرمد کی لائف شو میں میں گفتگو شدت اختیار کرگئی۔ خلیل الرحمان کی جانب سے نازیبا زبان کے استعمال نے ایک نئے تنازع کو جنم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق عورت مارچ سے متعلق ایک ٹی وی شو میں دو معروف شخصیات کے درمیان گرما گرمی نے ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر آج کل اپنے ڈرامے میرے پاس تم ہو کی کامیابی کے بعد موضوع گفتگو بنے ہوئے ہے، وہ خواتین کے حوالے سے متنازع بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتے ہیں۔
اب ان کے اور ماروی سرمد کے تنازع نے عوام کی توجہ مبذول کروا لی، خلیل الرحمان قمر ایک نجی چینل کے ٹاک شو میں مدعو تھے، اس موقع پر جب اینکر نے ان سے عورت مارچ کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے بارے میں رائے لی، تو انھوں نے کہا کہ میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے کو عورت مارچ سے منہا کردیا جائے، انھوں نے کہا کہ جب میں عورت مارچ اور اس نعرے کے بارے میں کروفر کے ساتھ ماروی سرمد کو بولتے سنتا ہوں تو میرا کلیجہ پھٹنے لگتا ہے۔
اس موقع پر جب ماروی سرمد نے خلیل الرحمان کی بات کاٹنا چاہی، تو خلیل الرحمان نے ان کو روکتے ہوئے کہا کہ مجھے میری بات مکمل کرنے دیں، لیکن ماروی سرمد نہ رکی جس کے بعد خلیل الرحمان نے نہ صرف نازیبا الفاظ استعمال کئے بلکہ ماروی سرمد کو گالی بھی دیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان کے خلاف ایک محاز کھڑا ہوگیا۔
بیش تر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ خلیل صاحب کو عورتوں کی عزت کرنا نہیں آتی جبکہ ان کے ڈراموں کا موضوع ہی عورت رہتی ہے۔