Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
پاکستان

میں ریاستی حصار میں ہوں، کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمان

شیئر کریں
میں ریاستی حصار میں ہوں، کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمان

لاہور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، ہمارے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں، ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جارہا ہے، ریاستی جبر اور رکاوٹوں نے مجھے لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے، ہم ملک میں امن کے داعی ہیں، قیامِ امن کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں، ان شاء اللہ اُن کی سازشیں بے نقاب ہوں گی، جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے، جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، ہم نے وطن سے محبت کی ہے، وطن سے وفا کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بہت بڑی کانفرنس کرنے جارہی ہے، پورے سرگودھا ڈویژن میں ہمارے کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، مقامی قائدین کاروبار بند اور دکانیں سیل کی جارہی ہیں، بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور تعاقب کیا جارہا ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم نے سرگودھا کانفرنس ہر صورت کرنی ہے، عوام اس اجتماع کو کامیاب بنائیں، اپنی حریت اور آزادی کا مظاہرہ کریں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم عوام کا مقدمہ لڑرہے ہیں، پاکستان اور اس ریاست کا مقدمہ لڑرہے ہیں، آج قومی و ملی وحدت کا وقت ہے، ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے، ہمارے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اُس وقت آئی جب ہم نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کا کردار بے نقاب کیا۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں، ہم عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے، ہم صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں، لیکن استقامت کے ساتھ اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/i-am-under-state-siege-and-our-workers-are-being-subjected-to-state-oppression-maulana-fazlur-rehman/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں