پاکستان فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشت گردی کے خاتمے کا عزم

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے دہشت گردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارشہدا پر پھول رکھے اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کی اعلیٰ سطح کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور خیبر پختون خوا کی بہادر پولیس فورس کو سراہتے ہوئے کے پی پولیس کو ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف ان کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میران شاہ کے دورے پر فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، دہشت گردی کے خلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے دہشت گردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور خیبر پختون خوا کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/field-marshal-asim-munir-visits-miranshah-vows-to-eliminate-terrorism/






