پنجاب، تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے 29 اپریل سے بند
حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت میں اضافے کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے 29 اپریل سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے عیدالفطر تک بند رہیں گے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ 15 جون تک تمام امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔شفقت محمود نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبرمیں ہونگے۔
مشکل وقت میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مئی میں ہونے والےانٹر کے امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔ مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور پھر فیصلہ کیا جائے گا۔ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ او لیول کے امتحان بھی کینسل کر دیے گئے ہیں جو اب اکتوبر نومبر کی سائیکل میں ہوں گے اور اسی طرح اے ایس کے امتحان بھی اب اکتوبر نومبر میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم حالات کا جائزہ لیتے رہیں گے اور مئی کے وسط یا تیسرے ہفتے میں بیماری کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان امتحانات کو اور آگے لے کر جانا ہے یا ان کا آغاز کرنا ہے۔