24 گھنٹوں میں 11 ہیلتھ ورکرز میں کورونا کی تشخیص
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 11 مزید ہیلتھ ورکرز میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، تفصیلات کے مطابق ملک میں اب تک 16 ہزار 671 ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں تاحال 164 ہیلتھ ورکرز کرونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں، 306 ہیلتھ ورکرز گھروں اور 15 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 16 ہزار 186 ہیلتھ ورکرز کرونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ اور جاں بحق بیشتر ہیلتھ ورکرز کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ میں 5 ہزار 865 ہیلتھ ورکرز متاثر اور57 جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، یہاں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ جاری ہے
۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 828 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 35 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 912 کورونا مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 555 ہو گئی جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 71 ہزار 304 ہو چکی ہے۔