ایس او پیز کی خلاف ورزی، تاجروں کو 10 لاکھ جرمانہ ہوسکتا ہے
کراچی: چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تاجروں کو 10 لاکھ تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیرصدارت ایس او پیز پر عمل سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ممتاز علی شاہ نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ خلاف ورزی پر دکان اور مارکیٹ سیل کی جائیں۔چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ تاجروں نے ایس او پیز پر عمل کا حلف نامہ جمع کرایا ہے، جو بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا اسے 10 لاکھ تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے ہدایت جاری کی ہے کہ دکان اور مارکیٹ سیل یا جرمانہ عائد کرتے وقت موبائل سے کارروائی ریکارڈ کی جائے۔