بلاگ وہ خط جو کبھی نہ پہنچا

عبدالعزیز بلوچ
رات کے آخری پہر مسجد کے مینار سے فجر کی اذان بلند ہوئی تو قبرستان کے دروازے پر بیٹھا بوڑھا ڈاکیہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔ اس کے ہاتھ میں ایک پرانا، زرد پڑ چکا لفافہ تھا، جس پر لکھا تھا: "میرے بیٹے حارث کے نام، جب وہ مجھے معاف کرنے کے قابل ہوجائے۔”
یہ خط اس نے خود لکھا تھا، مگر بھیجنے کی ہمت کبھی نہ کرسکا۔ اس کا نام عبدالکریم تھا۔ شہر کے پرانے ڈاک خانے میں چالیس برس ملازمت کرنے کے بعد ریٹائر ہوا تھا۔ اس کی پوری زندگی دوسروں کے خطوط، خوشیوں اور غموں کو ان کے گھروں تک پہنچاتے گزری تھی مگر اپنے ہی گھر میں ایک ایسا پیغام پہنچانے سے قاصر رہا جس کی اسے سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
اس کا اکلوتا بیٹا حارث بچپن ہی سے نرم دل تھا۔ ماں کے انتقال کے بعد وہ باپ کے سائے میں پلا تھا۔ مگر عبدالکریم کی ایک عادت نے باپ بیٹے کے درمیان ایسی دیوار کھڑی کردی جسے وقت بھی نہ گرا سکا۔
وہ ہمیشہ اپنے بیٹے کو دوسروں کے سامنے ذلیل کرتا۔ "تم سے کچھ نہیں ہوگا۔ تم نے میری ساری امیدیں توڑ دی ہیں۔”
حارث خاموشی سے سنتا رہتا۔ وہ پڑھنا چاہتا تھا، مگر باپ نے اسے اپنی مرضی کے کاروبار میں لگا دیا۔ وہ کچھ کہنا چاہتا تو عبدالکریم کا ایک ہی جواب ہوتا: "باپ کی عزت کرنا سیکھو، مجھے تم سے زیادہ دنیا کا تجربہ ہے۔”
ایک دن حارث نے ہمت کرکے کہا: "ابا! میں آپ سے لڑنا نہیں چاہتا، بس چاہتا ہوں کہ آپ ایک مرتبہ میری بات بھی سن لیں۔”
عبدالکریم نے غصے میں جواب دیا: "جس دن اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجاؤ گے، اس دن بات کرنا۔”
وہ رات حارث کے لیے فیصلہ کن تھی۔ اس نے ایک چھوٹا سا بیگ اٹھایا، باپ کے کمرے کے دروازے پر چند لمحے رکا، پھر خاموشی سے گھر چھوڑ گیا۔
صبح عبدالکریم کو میز پر ایک کاغذ ملا۔ "ابا جان! میں آپ سے ناراض نہیں ہوں۔ بس اب مزید خود کو آپ کی نظروں میں ناکام دیکھنے کی ہمت نہیں رہی۔ دعا کیجیے گا کہ میں کہیں آپ کا نام روشن کرسکوں۔”
عبدالکریم نے کاغذ پڑھا، مسکرایا اور بڑبڑایا: "دو دن میں واپس آجائے گا، اسے ابھی دنیا کی حقیقت معلوم نہیں۔”
مگر دو دن، دو ہفتے اور پھر دو سال گزر گئے۔ حارث واپس نہ آیا۔ ابتدا میں عبدالکریم نے اسے تلاش کیا، پھر انا آڑے آگئی۔ اس نے کسی سے بیٹے کا ذکر کرنا چھوڑ دیا۔ لوگ پوچھتے تو کہتا: "اپنی مرضی سے گیا ہے، اب واپس آئے گا تو دیکھیں گے۔”
مگر رات کے وقت جب گھر کے تمام دروازے بند ہوجاتے، وہ حارث کے کمرے میں جاکر بیٹھ جاتا۔ اس کی پرانی کتابیں کھولتا، کپڑوں کو چھوتا اور پھر خاموشی سے آنسو پونچھ لیتا۔
ایک دن ڈاک خانے کے پرانے ساتھی نے اسے بتایا کہ حارث دوسرے شہر میں ایک چھوٹے سے اسپتال کے باہر مریضوں کی رہنمائی کا کام کرتا ہے۔
عبدالکریم کے دل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس نے اسی روز ایک خط لکھا: "بیٹا! گھر واپس آجاؤ۔”
مگر پھر اس نے خط پھاڑ دیا۔ "اگر اسے میری ضرورت ہوگی تو خود آجائے گا۔” یہ اس کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
چند ماہ بعد ایک اجنبی نوجوان اس کے گھر آیا۔ اس نے بتایا کہ وہ حارث کا دوست ہے۔ حارث اسپتال میں بیمار بچوں کی خدمت کرتا تھا، اپنی معمولی تنخواہ سے یتیم بچوں کی دوائیں خریدتا اور رات کو مریضوں کے ساتھ بیٹھا رہتا تھا۔
عبدالکریم نے فخر سے سینہ تان لیا۔ "میرا بیٹا ہے ہی ایسا!”
نوجوان کچھ دیر خاموش رہا، پھر بولا: "انکل! وہ ہر جمعے کو آپ کے لیے دعا کرتا ہے۔ کہتا ہے کہ میرے والد بہت سخت ہیں، مگر میں ان کے لیے اللہ سے نرمی مانگتا ہوں۔”
یہ سن کر عبدالکریم کی آنکھیں جھک گئیں۔ اس نے اسی رات فیصلہ کیا کہ اگلی صبح حارث کے پاس جائے گا۔
مگر اگلی صبح اس کی زندگی کا سب سے خوف ناک پیغام لے کر آئی۔ فون کی گھنٹی بجی۔
دوسری طرف حارث کا دوست تھا۔ "انکل! حارث اب اس دنیا میں نہیں رہا۔ کل رات اسپتال میں ایک بیمار بچے کو خون دینے کے بعد اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ ہم اسے بچا نہیں سکے۔”
عبدالکریم کے ہاتھ سے فون گر گیا۔ اسے یوں محسوس ہوا جیسے کسی نے اس کے سینے سے دل نکال لیا ہو۔
وہ فوراً شہر روانہ ہوا۔ اسپتال پہنچا تو حارث کا چھوٹا سا بستر خالی تھا۔ تکیے کے نیچے ایک ڈائری رکھی تھی۔
اس نے کانپتے ہاتھوں سے ڈائری کھولی۔ آخری صفحے پر لکھا تھا: "آج پھر ابا یاد آئے۔ سوچتا ہوں، اگر وہ میرے پاس ہوتے تو شاید میں ان کے کندھے پر سر رکھ کر تھوڑی دیر رو لیتا۔ میں ان سے ناراض نہیں ہوں۔ بس ایک خواہش ہے کہ مرنے سے پہلے ایک مرتبہ ان کی آواز سن لوں۔ یا اللہ! میرے والد کو کبھی تنہا نہ کرنا۔ انہیں اتنی خوشیاں دینا کہ میری کمی محسوس نہ ہو۔”
عبدالکریم زمین پر بیٹھ گیا۔ وہ چیخنا چاہتا تھا، مگر آواز حلق میں اٹک گئی۔ اس نے بیٹے کی ڈائری سینے سے لگائی اور بار بار ایک ہی جملہ دہراتا رہا: "بیٹا! میں آگیا ہوں، آنکھیں کھولو، تمہارا باپ آگیا ہے!”
مگر کچھ دروازے ایسے ہوتے ہیں جن پر دستک دینے کے لیے وقت واپس نہیں آتا۔ حارث کی تدفین کے بعد عبدالکریم ہر جمعے کو اس کی قبر پر آنے لگا۔ ایک روز اس نے وہی خط نکالا جو کبھی بھیجنے کی ہمت نہ کرسکا تھا۔
اس میں لکھا تھا: "میرے بیٹے! مجھے معاف کردینا۔ میں تمہیں مضبوط بنانا چاہتا تھا، مگر تمہارا دل توڑ بیٹھا۔ میں نے تمہیں اپنی عزت کا پابند بنایا، مگر تمہارے جذبات کی عزت نہ کرسکا۔ تم نے ساری عمر میری خوشی چاہی اور میں تمہیں ایک مرتبہ بھی یہ نہ کہہ سکا کہ مجھے تم پر فخر ہے۔”
وہ خط قبر پر رکھ کر رونے لگا۔ اسی وقت قبرستان کے دروازے پر ایک چھوٹا بچہ آیا۔ اس کے ہاتھ میں دوا کا نسخہ تھا۔ اس نے عبدالکریم سے پوچھا: "بابا! آپ حارث بھائی کے والد ہیں؟”
عبدالکریم نے آنسوؤں سے بھری آنکھیں اٹھائیں۔ "ہاں بیٹا، کیوں؟”
بچہ بولا: "وہ مجھے ہر ہفتے دوا دلاتے تھے۔ کہتے تھے کہ میرے ابا نہیں ہیں، مگر تمہارے لیے میں ہوں۔ اب دوا کون دلائے گا؟”
عبدالکریم نے بچے کو سینے سے لگالیا۔ اسے پہلی مرتبہ سمجھ آیا کہ اس کا بیٹا کتنا بڑا انسان تھا اور وہ اسے کتنا چھوٹا سمجھتا رہا۔
اس نے بچے کی دوا خریدی، پھر اسپتال کے ان بچوں کی کفالت شروع کردی جنہیں حارث اپنی زندگی میں سہارا دیتا تھا۔
اب اس کے گھر میں بچوں کی آوازیں گونجتی تھیں۔ مگر ہر آواز کے بعد اسے ایک ہی آواز سنائی دیتی:”ابا! آپ میرے پاس ہوتے تو اچھا تھا۔”
ایک رات اس نے اپنے کمرے میں بیٹھ کر قرآن کھولا۔ سورۃ الاسراء کی یہ آیت سامنے آئی: "وَقُلْ رَبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا”
اس کی آنکھیں بھیگ گئیں۔ اس نے ہاتھ اٹھائے: "یااللہ! میں اپنے بیٹے کو واپس نہیں لا سکتا، مگر اس کی محبت کو نیکی میں بدلنے کی توفیق دے۔ مجھے معاف فرما اور میرے بیٹے کے درجات بلند فرما۔”
اس رات عبدالکریم نے پہلی بار سکون سے نیند لی۔ اگلی صبح اس کی میز پر ایک نیا خط رکھا تھا۔ اس نے اپنے مرحوم بیٹے کے نام لکھا: "حارث! تمہارا خط مجھے بہت دیر سے ملا، مگر تمہاری دعا آج بھی میرے ساتھ ہے۔ کاش میں تمہیں زندگی میں بتاسکتا کہ تم میرے لیے کتنے قیمتی تھے۔”
اس نے لفافہ بند کیا، اسے قرآن کے اندر رکھا اور کھڑکی سے آسمان کی طرف دیکھنے لگا۔
شاید کچھ خط دنیا کے ڈاک خانے سے نہیں بھیجے جاتے۔ وہ دعاؤں کے ذریعے آسمان تک پہنچتے ہیں اور کچھ معافیاں ایسی ہوتی ہیں جنہیں مانگنے والا زندہ رہ جاتا ہے مگر جس سے مانگنی ہوتی ہیں، وہ ہمیشہ کے لیے خاموش ہوچکا ہوتا ہے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/the-letter-that-never-reached-its-destination/






