پاکستان کا عالمی برادری سے کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض بھارتی فوج نے مزید سات کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ پاکستان بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے کو 600 سے زائد دن ہو گئے ہیں۔ عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات چیت کا تعلق ہے تو دونوں ممالک کے درمیان رابطے جنگوں میں بھی رہتے ہیں۔ پاکستان کبھی بھارت سے مذاکرات سے نہیں ہچکچایا۔ جموں و کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری نے زور دیا کہ بھارت اور پاکستان جموں و کشمیر مسئلے کے عالمی قوانین کے مطابق حل کے لئے مثبت بات کریں۔ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے بھارت کو مناسب ماحول پیدا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اس حوالے سے تیسرے فریق کی ثالثی درست ہوگی۔ پاک بھارت بات چیت جب بھی ہوئی، اس کا مرکزی موضوع جموں و کشمیر تنازع کا حل ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری امن کی خواہش بھارت کی طرف سے بالا کوٹ مس ایڈونچر کے بعد پائلٹ کی واپسی سے ظاہر ہے۔ خطے میں تنازعات کے خاتمے کی خواہش رکھتے ہیں۔ کسی بھی نئی مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت کو کلبھوشن کے معاملے پر پاکستانی عدالتوں سے تعاون کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران کو فون کیا۔ اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات چیت کی۔

انہوں نے بتایا کہ ترک صدر نے افغان طالبان اور امریکا کے مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے جرمن پارلیمنٹ کے صدر کو کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔