اپوزیشن کی لڑائی عمران خان سے کم اور نیب کے ساتھ زیادہ ہے،شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی لڑائی عمران خان سے کم اور نیب کے ساتھ زیادہ ہے،ان کی لڑائی ہی یہی ہے کہ کیسز ختم کردیں ، لیکن مجھے پوری امید ہے یہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے،گزشتہ روز آصف زرداری نے جیلیں بھرنے کی بات کی،آصف زرداری نے تو کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے،اسی لیے آصف زرداری نے زندگی کا آدھا حصہ جیل میں گزارا ، زرداری نے جیلوں سے بھی زیادہ وقت ہسپتال میں گزارا ، اسی وجہ سے زرداری کو علم ہے کہ جیل کے اثرات سے بچنے کیلیے کیا کرنا ہوتاہے۔ وفاقی ویزر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ایک ہی موقف ہے کہ مذاکرات ہوں یا نہ ہوں این آر او نہیں ملے گا ، عمران خان کچھ بھی کرسکتے ہیں،ابھی میٹنگ نہیں ہوئی کہ ان کے لیے استقبالیہ کیمپ کب اور کہاں لگانے ہیں، اپوزیشن کے استعفے نہیں ہوں گے،کمپیوٹر ائز استعفوں کا کوئی مطلب نہیں ہوتا،ہاتھ سے لکھ کردیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفے بھی نہیں ہوں گے، انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ عباسی استعفے جمع کریں گے لیکن کل مرتضیٰ عباسی نے کہنا ہے مجھے پتا ہی نہیں ہے،یہ گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں،یہ ضیاء الحق کا نام کیوں نہیں لیتے یہ تو ضیاء الحق کے پالشیے اور مالشیے ہیں،لانگ مارچ اور لونگ مارچ میں فرق ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نعرہ لگایا کہ بلاول وزیراعظم ہوگا،آپ کو اگر انڈر 19 کے ساتھ ہی کھیلنا ہے تو دوسروں کے حال پر تو رحم کریں۔