گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کم، جبکہ 18 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،
قومی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کم ہوئی،جس کے بعد مہنگائی کی شرح 7.68 فیصد پر آگئی ہے اس دوران 18 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 11 میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں چینی اوسطاً 57 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی،چینی کی اوسط قیمت 101.49 سے 102.06 روپے فی کلو ہوگئی۔گزشتہ ہفتے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے 69 پیسے سستا ہوا، ٹماٹر 4 روپے فی کلو سستے ہوئے جبکہ دال چنا، لہسن، پیاز، دال مسور اور بکرے کا گوشت بھی سستا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق برائلر مرغی ساڑھے 22 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، گزشتہ ہفتے آلو، کیلا، گائے کا گوشت، دال ماش، دہی، انڈے اور گھی بھی مہنگا ہوا۔