دریائے چناب کی تباہ کاریاں، سیلابی ریلہ ہفتہ اور اتوار کے درمیان ہیڈ پنجند سے گزرے گا
دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، قادر آباد برج کے قریب دریا کناروں سے باہر نکل آیا ہے جس کے باعث قادر آباد برج کے قریب دریائے چناب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ساتح ہی آس پاس کی زرعی زمین دریا برد ہوچکی ہے دوسری جانب ادھر اوچ شریف میں بھی دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 26 ہزار 219 کیوسک جبکہ پانی کا اخراج 1 لاکھ 12 ہزار 719 کیوسک ہے۔ محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلہ ہفتہ اور اتوار کے درمیان ہیڈ پنجند سے گزرے گا۔
جبکہ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ 6 سال میں 500 ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ دریا برد ہوچکا ہے، کوٹ محمد آباد کا نصف گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ چکا ہے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دریا پر بند بنانے کے لیے محکمہ ایری گیشن کو ہر سال فنڈ ملتے ہیں لیکن ہم اپنی مدد آپ کے تحت دریا پر بند باندھتے ہیں تاکہ محفوظ رہ سکیں۔علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت زمیندارہ بند مضبوط کر رہے ہیں، قریبی علاقوں کے مکین اپنے مال مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔