تعلیمی بجٹ اور تنخواہوں میں اضافہ ناگزیر ہے: انجمن اساتذہ جامعہ کراچی
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اپنے ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ اعلی تعلیم کے لئے وفاقی بجٹ میں مختص رقم میں خاطر خواہ اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے اور اگر درکار اضافہ نہ کیا گیا تو تمام ہی ادارے اس سے براہ راست متاثر ہوں گے۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے واضح کیا کہ گزشتہ دو برس سے اعلی تعلیم کے لئے مختص رقم میں اضافہ نہیں کیا گیا، بلکہ گزشتہ سال اس کی کٹوتی کرکے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سمیت تمام اداروں کے لئے مشکلات کھڑی کی گئیں۔
حکومت درکار وسائل فراہم نہ کرکے اس شعبے کو کمزور کررہی ہے۔ کورونا وائرس کے حوالہ سے موجودہ صورتحال میں ساری دنیا کو میڈیکل سائنس کے شعبے کی ضرورت ہے، جس کی جانب توجہ نہیں دی جارہی۔
اس صورتحال میں انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی صدر نے حکومت سے تین فوری مطالبات رکھے ہیں:
1) نئے مالی سال میں اعلی تعلیم کے لئے وفاقی بجٹ میں فپواسا پاکستان کے مطالبے کے مطابق اضافہ کرتے ہوئے 250 ارب مختص کئے جائیں.
2) نئے مالی سال میں اعلی تعلیم سے وابستہ اساتذہ کی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد کا اضافہ کیا جائے۔
3) اساتذہ و محقیقین کا ٹیکس ریبیٹ ماضی کی طرح پچھتر فیصد بحال کیاجائے۔
اس کے علاؤہ انجمن اساتذہ نے وفاقی حکومت سے کورونا وائرس کے تناظر میں صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام یونیورسٹیز کے لئے خصوصی ریلیف گرانٹ کا مطالبہ کیا، جن سے پبلک سیکٹر جامعات اپنے طالب علموں کو فیس میں براہ راست رعایت اور آن لائن کلاسز اپنانے کی صورت میں ٹیکنالوجی اور آلات کی دستیابی کے لئے اقدامات کرسکیں۔