اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ
وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، کچھ سیکٹرز میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد مختلف سیکٹرز کی 10 گلیاں سیل کردی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹرایف الیون میں گلی نمبر 46 اور23 ، آئی ایٹ ٹو، تھری اور فور سیکٹر کی 3 گلیاں مکمل سیل کی گئی ہیں۔ اسی طرح آئی ٹین ٹو اور جی الیون ٹو کی3 گلیاں سیل کی گئی ہیں۔ جبکہ دو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی مختلف گلیاں بھی سیل ہوں گی۔
ان تمام گلیوں کو اسمارٹ لاک ڈاون کے ذریعے سیل کیا گیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 832 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 895 ہو گئی ہے۔ اسی طرح گزشتہ24 گھنٹوں میں مزید 9 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 736 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ملک بھر کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی مجموعی تعداد 8300 ہوگئی ہے۔