کے پی کے،ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن لگنے کا اندیشہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ موجود ہے۔اسمارٹ لاک ڈاؤن یا پھر مکمل لاک ڈاؤن ہو سکتا ہے۔کامران بنگش نے کہا کہ گذشتہ ہفتے ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے پر دوبارہ سے ہمیں سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔تفصِلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی پر دوبارہ سخت اقدامات کا عندیہ دے دیا گیا ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں عوام کی طرف سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اسی طرح جاری رہی تو مختلف شعبوں میں ایک بار پھر لاک ڈاون کرنا پڑے گا۔
کورونا کے پھیلاو کا باعث بننے والے ٹرانسپورٹ، مارکیٹس ، شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور عوامی اجتماعات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر اگر وائرس کا پھیلاو ایسے ہی جاری رہا تو سخت اقدامات کرنا پڑیں گے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ این سی او سی کا اجلاس ہوا،جس میں ملک بھر میں بڑھتے کورونا کیسز اور اموات پر تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کویقینی بنایا جائے۔