کورونا کو ڈراما اور ارطغرل کو حقیقت کہنے پر فیصل قریشی پر تنقید
کراچی: معروف اداکار فیصل قریشی نے دو دن قبل اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے باوجود عوام کی جانب سے احتیاط نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔فیصل قریشی نے انسٹاگرام اسٹوریز میں عوام کی جانب سے کورونا کو مذاق اور ترک ڈرامے ارطغرل غازی کو حقیقت سمجھنے کا موازنہ کرتے ہوئے لوگوں کو وبا سے متعلق احتیاط کرنے کی اپیل کی تھی۔فیصل قریشی نے اپنی ایک اسٹوری میں لکھا تھا کہ پاکستانیوں کی جانب سے کورونا کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہی ملک میں گزشتہ ماہ یعنی صرف مئی مہینے میں 53 ہزار 908 مریضوں کا اضافہ ہوا۔فیصل قریشی کی جانب سے اسٹوریز شیئر کیے جانے کے بعد کافی لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور بعض صارفین نے ان کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی۔لوگوں کی شدید تنقید کے بعد فیصل قریشی نے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی اور تنقید کرنے والوں کو بتایا کہ ان پر تنقید کرنے سے قبل ان کی بات کی گہرائی کو سمجھا جانا چاہیے تھا۔
اداکار نے مختصر ویڈیو میں وضاحت کی کہ کورونا کو مذاق سمجھنے والے وہ افراد ہیں جن کا کوئی بھی رشتہ دار یا جان پہچان والا شخص اس وبا میں مبتلا نہیں ہوا اور وہ سمجھ رہے ہیں کہ لوگ جھوٹ بولتے ہیں، اس لیے ایسے افراد کو کورونا کی وبا مذاق لگ رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کو مذاق نہ سمجھیں، کورونا ایک خطرناک وبا ہے۔فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے لوگوں کی جانب سے سنائی گئی باتوں پر جہاں حیرانی ہو رہی ہے، وہیں انہیں ہنسی بھی آ رہی ہے۔