فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا
فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا اور کہا حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے، انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ لیڈر اپوزیشن کی ذمہ داری مجھے میری قیادت نے دی تھی ، حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ آج اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا اور کہا بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں، استعفےکی کاپی کچھ روز قبل وزیراعظم کو بھی واٹس ایپ کی تھی۔واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سےاستعفیٰ طلب کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کی بہ طور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے، ان کے متنازع بیانات سے بھی مسائل پیدا ہوئے جبکہ کچھ ایم پی ایز کو فردوس شمیم نقوی سے سخت رویے کی بھی شکایات تھیں۔