صحت صبح دیر تک سونا صحت کی خرابی کا اشارہ، نئی تحقیق سامنے آگئی

نیویارک: نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دن کے وقت سونے کی بعض عادات بڑھتی عمر میں صحت کی خرابی اور موت کے خطرے کی نشان دہی کرسکتی ہیں۔
امریکی اداروں میساچوسٹس جنرل بریگھم اور رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے سائنس دانوں نے 1338 معمر افراد کی 19 سال تک نگرانی کی۔ تحقیق میں شامل افراد کی اوسط عمر 81 سال تھی۔
تحقیق کے مطابق جو افراد معمول کے مطابق صبح کے وقت قیلولہ کرتے تھے، ان میں دوپہر کے ابتدائی اوقات میں سونے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 30 فیصد زیادہ پایا گیا۔
جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع شدہ تحقیق میں شرکا کی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کے معمولات جانچنے کے لیے کلائی پر باندھے جانے والے خصوصی مانیٹرز استعمال کیے گئے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق دن بھر میں قیلولے کے دورانیے میں ہر اضافی ایک گھنٹے کے اضافے کے ساتھ موت کا خطرہ 13 فیصد بڑھا جب کہ روزانہ قیلولوں کی تعداد میں ہر اضافے کے ساتھ یہ خطرہ 7 فیصد زیادہ پایا گیا۔
محققین کے مطابق دیگر بیماریوں، صحت کے عوامل اور رات کی نیند کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی یہ نتائج برقرار رہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر میں ضرورت سے زیادہ دن کے وقت سونا صحت کی کمزوری اور جسمانی نظام میں آنے والی تبدیلیوں کی علامت ہوسکتا ہے۔
تاہم، محققین نے واضح کیا کہ دن میں سونا بذات خود کسی بیماری یا موت کی وجہ ثابت نہیں ہوا بلکہ یہ بڑھتی عمر میں صحت کے مسائل کی ممکنہ نشان دہی کرنے والا ایک اشارہ ہوسکتا ہے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/sleeping-late-in-the-morning-may-signal-health-problems-new-study-reveals/






