Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
صحت

وزیراعظم کا محفوظ دوا ایپ کا اجرا، ہر دوا کی تصدیق ممکن

شیئر کریں
وزیراعظم کا محفوظ دوا ایپ کا اجرا، ہر دوا کی تصدیق ممکن

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا باقاعدہ اجرا کر دیا، انہوں نے محفوظ دوا ایپ کے ذریعے دوا کا پیکٹ اسکین کرکے اصلیت کی تصدیق کی۔

ادویہ کی ٹریکنگ کے لیے وزارت قومی صحت کی ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان کی طبی سہولتوں کو فروغ دینے کے حوالے سے شاندار اقدام ہے، جعلی اور غیر معیاری ادویہ کی روک تھام کے لیے اہم ڈیجیٹل اقدام کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2010-11 میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویہ سے جانیں ضائع ہوئیں، دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویہ کے نمونے یورپ کی 3 لیبارٹریوں میں بھجوائے، یورپی لیبارٹریوں نے تصدیق کی کہ مریضوں کو دی گئی ادویہ دل کی نہیں ملیریا کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویہ کی تصدیق کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آئی، ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ کر عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محفوظ دوا ایپ بنانے پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سی ای او ڈریپ مبارک باد کے مستحق ہیں، محفوظ دوا منصوبے میں تعاون کرنے والی وزارتوں، اداروں اور فارما انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، محفوظ دوا منصوبے کا پیغام وزارت اطلاعات کے تعاون سے گھر گھر پہنچایا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ کے ذریعے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی معلوم کی جاسکے گی، ادویہ کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق ہونی چاہئیں، پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویہ کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولتیں ہر شہری کے لیے برابر ہونی چاہئیں، قائداعظم کے وژن کے مطابق تعلیم اور صحت سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے، وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی اور معیاری ادویہ کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، محفوظ دوا منصوبہ عوامی تحفظ اور صحت کے نظام پر اعتماد کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/prime-minister-launches-mehfooz-dawa-app-enabling-verification-of-every-medicine/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں