Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
صحت

دمہ اور پھیپھڑوں کے مریضوں کے لیے فلو جان لیوا ثابت ہونے کا اندیشہ

شیئر کریں
دمہ اور پھیپھڑوں کے مریضوں کے لیے فلو جان لیوا ثابت ہونے کا اندیشہ

لندن: برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق اور طبی شواہد سے انکشاف ہوا ہے کہ دمہ اور پھیپھڑوں کی دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو فلو لاحق ہونے کی صورت میں موت کا خطرہ عام افراد کے مقابلے میں قریباً سات گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں قریباً ایک کروڑ 20 لاکھ افراد دمہ یا پھیپھڑوں کی کسی دوسری بیماری کا شکار ہیں، لیکن تشویش ناک بات یہ ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد فلو سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوا رہی، حالانکہ ویکسی نیشن انہیں بیماری کی سنگین پیچیدگیوں اور اسپتال میں داخلے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

لنگ ہیلتھ ٹاسک فورس کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ موسم سرما کے دوران صرف انگلینڈ میں فلو ویکسی نیشن پروگرام کے ذریعے قریباً ایک لاکھ افراد کو اسپتال میں داخل ہونے سے بچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 26-2025 کے دوران 65 سال سے کم عمر دائمی سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد میں سے صرف 47 فیصد نے فلو سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی یعنی نصف سے بھی کم مریض ویکسی نیشن سے مستفید ہوئے۔

ماہرین کے مطابق دائمی سانس کی بیماریاں طویل عرصے تک برقرار رہنے والی طبی کیفیات ہیں جو پھیپھڑوں اور سانس کی نالیوں کو متاثر کرتی ہیں، جس سے مریضوں کو سانس لینے اور جسم میں آکسیجن کی مناسب فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

ان بیماریوں میں دمہ اور کرونک آبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز نمایاں ہیں۔ دمہ میں سانس کی نالیوں میں سوزش پیدا ہوتی ہے جبکہ سی او پی ڈی میں مستقل نقصان کے باعث سانس کی نالیاں تنگ ہو جاتی ہیں۔

فلاحی تنظیم استھما اینڈ لنگ یو کے کے مطابق مریضوں میں فلو ویکسین لگوانے کی کم شرح کی ممکنہ وجوہات میں ویکسین تک رسائی میں مشکلات اور ویکسین کے حوالے سے عوامی عدم اعتماد شامل ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق پھیپھڑوں کے دائمی امراض میں مبتلا افراد کے لیے فلو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ انفلوئنزا ان کی پہلے سے متاثرہ سانس کی صحت کو مزید خراب کرسکتا ہے۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/flu-could-prove-fatal-for-asthma-and-lung-patients/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں