پاکستان ڈاکٹر عمیر ہارون کا کینیڈا میں پاکستانی قونصل خانے کا دورہ

ٹورنٹو: معروف پاکستانی میڈیا ایگزیکٹو، پروڈیوسر اور انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کی جیوری کے رکن اور وائس آف سندھ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون نے آج ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر التمش جنجوعہ سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر معروف پاکستانی نژاد کینیڈین کاروباری شخصیت شمروز خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ، اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور سرحد پار کاروباری شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو میں میڈیا، ثقافتی روابط اور تجارتی نیٹ ورکس کو بروئے کار لاکر شمالی امریکا کے سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کی مثبت معاشی صلاحیت اجاگر کرنے کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ ڈاکٹر عمیر ہارون نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری کے کاروباری اور سماجی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی دونوں ممالک کی معیشت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل کے دفتر، بالخصوص ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا، جو پاکستانی برآمد کنندگان کی معاونت، کاروباری روابط کے قیام اور کینیڈین کمپنیوں کو پاکستانی منڈیوں سے منسلک کرنے میں مؤثر کردار ادا کررہا ہے۔
ڈاکٹر عمیر ہارون کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین برادری پاکستان کا ایک اہم اسٹرٹیجک اثاثہ ہے، جو مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ وطن کی ترقی کے لیے بھی پُرعزم ہے۔
انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل نے ضابطہ جاتی طریقہ کار آسان بنانے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق کراچی میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے اور معاشی سرگرمیوں میں نئی پیش رفت کے امکانات پیدا ہوئے ہیں جب کہ ایس آئی ایف سی کا ون ونڈو نظام کینیڈین سرمایہ کاروں اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے پاکستان کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کررہا ہے۔
اس موقع پر التمش جنجوعہ نے ڈاکٹر عمیر ہارون اور شمروز خان کا قونصل خانے میں خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کی معاونت کے عزم کا اظہار کیا۔
شمروز خان نے کینیڈین کاروباری حلقوں کے تجربات اور آرا سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن میں پائیدار ترقی اور مشترکہ کاروباری منصوبوں میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر سفارتی تجارتی دفاتر، میڈیا شخصیات اور کاروباری برادری کے درمیان قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان طویل المدتی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/dr-umair-haroon-visits-pakistans-consulate-in-canada/






