کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں سے اُن کے دفتر میں قائد نیشنل یوتھ اسمبلی دانیال جیلانی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، نوجوانوں کے کردار، کاروباری ماحول، معاشی ترقی اور ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ثاقب فیاض مگوں نے نیشنل یوتھ اسمبلی کی جانب سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے، قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور قومی ترقی کے عمل میں نوجوان نسل کو مؤثر انداز میں شامل کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے اور انہیں معاشی، تعلیمی اور سماجی شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر دانیال جیلانی نے نیشنل یوتھ اسمبلی کے مختلف پروگراموں، نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے، قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت اور قومی سطح پر جاری اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم، ہنر اور رہنمائی فراہم کرکے ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ کاروباری برادری اور نوجوانوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرکے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، بلکہ قومی معیشت کو بھی مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر مستقبل میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی آمادگی کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات خوش گوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں ملک کی معاشی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔