مومنہ کو دیکھتے ہی پہلی نظر میں پیار ہوگیا تھا، ثاقب چدھڑ

لاہور: ٹی وی اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کے بعد خبروں میں رہنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اب اداکارہ سے پہلی ہی نظر میں محبت ہونے کا انکشاف کردیا۔
ثاقب چدھڑ نے صحافی ارشاد بھٹی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے مومنہ اقبال کو پہلی مرتبہ ایک شادی کی تقریب میں دیکھا تھا اور انہیں دیکھتے ہی پسند کرلیا تھا۔ چند ہی منٹوں میں انہوں نے مومنہ سے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ وہ مومنہ اقبال کے ساتھ کسی تعلق کے بجائے براہِ راست شادی کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے انہیں شادی کی پیشکش بھی کی۔
ثاقب چدھڑ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اس وقت ان کی پہلے سے دو شادیاں تھیں اور ان کی دونوں اہلیہ مومنہ اقبال سے شادی کی خواہش سے واقف تھیں۔ مومنہ بھی ان کی دونوں شادیوں کے بارے میں جانتی تھیں۔
خیال رہے کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تنازع جاری ہے۔ اداکارہ نے ان کے خلاف ہراسانی سے متعلق مقدمہ درج کرایا تھا جب کہ ثاقب چدھڑ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے مومنہ اقبال پر مختلف جوابی الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔