پٹرول اصل قیمت سے 133 اور ڈیزل 122 روپے مہنگا

اسلام آباد: پٹرول اور ڈیزل کی اصل قیمت پر شہریوں سے بھاری ٹیکسز اور مارجنز کی وصولی جاری ہے۔
ایک لیٹر پٹرول اصل قیمت سے 133 روپے 2 پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل اصل قیمت سے 122 روپے 55 پیسے فی لیٹر مہنگا ہے۔
دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک لیٹر پٹرول پر 131 روپے 60 پیسے کی لیوی، ٹیکس اور مارجنز کی وصولی کی جارہی ہے جب کہ فی لیٹر ڈیزل پر 122 روپے 55 پیسے لیوی، ٹیکس اور مارجنز عائد ہیں۔
پٹرول کی فی لیٹر لاگت 234 روپے 73 پیسے بنتی ہے، تاہم اس وقت پٹرول کی فی لیٹر قیمت 367 روپے 75 پیسے مقرر ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق گزشتہ 3 روز میں پٹرول 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے اور ڈیزل کی قیمت 3 روز میں 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر بڑھی ہے۔
پٹرول کی فی لیٹر قیمت 7 ستمبر کو 345 روپے 87 پیسے فی لیٹر تھی اور اب پٹرول کی قیمت بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوچکی ہے۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت 7 ستمبر تک 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر تھی جو بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔