آنجہانی ملکہ برطانیہ کے نام پر عمرہ کرنے والا گرفتار

ریاض: گزشتہ دنوں انتقال کرنے والی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے لیے عمرہ ادا کرنے والے یمنی باشندے کو سعودی حکومت نے گرفتار کرلیا۔
برطانوی اخبار میں شائع شدہ خبر کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے گرفتار یمنی شخص کا دعویٰ ہے کہ وہ ملکہ برطانیہ کی روح کو سکون پہنچانے کی غرض سے ان کے لیے عمرہ ادا کرنے مسجد الحرام گیا تھا، مذکورہ شخص کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی۔
ویڈیو میں وہ بینر اٹھائے مکہ مکرمہ میں موجود تھا جس پر درج تھا کہ میں نے ملکہ الزبتھ دوم کے لیے عمرہ ادا کیا، خدا سے دعاگو ہوں کہ وہ ملکہ کو جنت میں جگہ دے اور ملکہ کا شمار نیک لوگوں میں کرے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو لوگوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے اس شخص کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں سعودی حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو انتقال کر گئی تھیں، ان کی آخری رسوم ویسٹ منسٹر ایبے میں 19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔

arrestLate Queen ElizabethSaudi arabiaUmrahYameni citizen