امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرکے ٹرمپ اسٹریٹ رکھ دیا

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا اب آبنائے ہرمز کو ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ کے نام سے پکارے گا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری جنگ میں امریکا کی کامیابی کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ٹرمپ نے ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ری پبلکن پارٹی کے مڈٹرم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری جنگ جیت رہا ہے اور جنگ ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز کی تجارت کو کنٹرول کررہا ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے کہا کہ اس اہم سمندری گزرگاہ کو ٹرمپ اسٹریٹ کا نام دیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ انہیں توقع ہے کہ ایران کی قیادت اس نئے نام سے خوش ہوگی جب کہ ان کے بیان نے ایران اور امریکا کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی میں ایک نیا سیاسی اور طنزیہ رنگ پیدا کردیا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی کی گزرگاہوں میں شامل ہے اور اس کی صورت حال عالمی تیل کی قیمتوں اور سمندری تجارت پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔ حالیہ جنگ کے دوران یہاں کشیدگی بڑھنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر جاچکی ہیں۔