تہران: ایران کی فٹ بال ٹیم کو ورلڈکپ 2026 سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا۔
اہم کھلاڑی علی غولیزادے گھٹنے کی شدید انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
وہ پولینڈ کے کلب لیک پوزنان کی نمائندگی کرتے ہوئے میچ کے دوران زخمی ہوئے جہاں ٹیسٹ کے بعد ان کے بائیں گھٹنے کے اے سی ایل لیگامینٹ کے پھٹنے کی تصدیق ہوئی۔
کلب کے مطابق علی غولیزادے کی جلد سرجری ہوگی جس کے بعد انہیں کئی ماہ تک بحالی کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔
یہ صورت حال ایران کے لیے بڑا نقصان ہے، کیونکہ وہ ٹیم کے اہم کھلاڑی سمجھے جاتے تھے۔
دوسری جانب ملک میں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے باعث فٹ بال سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، تاہم کھلاڑی تہران میں محدود تربیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایران کے اسٹار فارورڈ سردار آزمون کی ٹیم میں واپسی بھی بے یقینی ہے، کیونکہ حالیہ تنازع کے بعد انہیں اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے اعلان کیا ہے کہ ایران ورلڈکپ میں شیڈول کے مطابق شرکت کرے گا اور اپنا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔