Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
پاکستان

مولانا فضل الرحمٰن اور صاحبزادے اسعد محمود سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی

شیئر کریں
مولانا فضل الرحمٰن اور صاحبزادے اسعد محمود سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی

اسلام آباد/ ڈیرہ اسماعیل خان: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعینات پولیس کی تمام سیکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

اسی طرح مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر اپنی ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس روانہ ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

سیکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق گزشتہ رات گئے تک سیکیورٹی برانچ کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی کلوز کردی گئی تھی جب کہ آج صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلاکر سیکیورٹی ڈیوٹیاں ختم کردیں، سیکیورٹی واپس لینے کے اس اقدام کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے جب کہ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا صاحب کے گھر کی ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے، بلااشتعال کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت قانون کی حدود میں رہے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ وکلاء اور کارکنان ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جاسکتی ہیں۔

اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی تمام سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، ایک طرف تھریٹ لیٹر اور دوسری جانب سیکیورٹی کی واپسی حکومت کیا پیغام دے رہی ہے، جے یو آئی قیادت کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو حکمران ذمے دار ہوں گے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ قائد جمعیت کے پرسنل سیکریٹری مفتی ابرار اور ان کی پوری فیملی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ ترجمان جے یو آئی، رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کی آڑ میں اسلام آباد میں جگہ جگہ چھاپے مارے گئے۔

اسلم غوری نے کہا کہ حکمران بتائیں کہ جے یو آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کیوں کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے؟ حکمران جو بیج بورہے ہیں کل ان کو کاٹنا ہوگا، کارکن الرٹ رہیں، قائد جمعیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جاسکتی ہے۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/security-withdrawn-from-maulana-fazlur-rehman-and-his-son-asad-mahmood/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں